لاکھوں کشمیریوں کا قاتل بھارت نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کا اہل نہیں: حافظ سعید
لاہور+ گوجرانوالہ+ قلعہ دیدار سنگھ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملکی دفاع پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ دفاع پاکستان کونسل قوم میں شعور بیدار اور دشمنان اسلام کی سازشیں بے نقاب کرے گی بیرونی قوتیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام کرنے کیلئے تحریکیں کھڑی کر کے اپنے مکروہ عزائم مکمل کرنا چاہتی ہیں۔ لاکھوں کشمیریوں کا قاتل بھارت نیو کلیئر سپلائر گروپ میں رکنیت کا اہل نہیں؟ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنایا چین کو بھی اپنے معاشی منصوبے مکمل کرنے کیلئے ایک پرامن اور محفوظ پاکستان چاہیے دفاع پاکستان کی ملک گیر تحریک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال کے مقامی ہال میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا حافظ محمد سعید نے کہا کہ فرقہ واریت امت مسلمہ کے لئے زہر قاتل ہے امت کے وجود کو مستحکم کرنے کے لئے اس ناسور سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام کے تسلط سے نجات کیلئے مسلمانوں کو واپس اپنے اصل دین کی طرف پلٹنا ہو گا۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کا کھل کر ساتھ دیں اور انہیں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے تسلط سے نجات دلانے کی کوششیں کریں وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان انشاء اللہ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جا سکتا‘ نریندرمودی سوائے پاکستان کو تباہی سے دوچار کرنے کے اورکوئی ایجنڈا نہیں رکھتا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں واپڈا ٹائون مرکزی مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے بھارت کی سرزمین استعمال کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ افغانستان میں ناکامی پر بھارتی فضائی، بحری اور زمینی اڈے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بحرہند کی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔26 جون کو گوجرانوالہ میں ہونیوالی دفاع پاکستان کانفرنس میں قومی مذہبی وسیاسی قیادت خطاب کرے گی۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔ دفاع پاکستان کونسل فعال ہو چکی۔ مایوسیاں ختم اور قوم متحد ہو رہی ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد کی طرح 26 جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی۔