کپاس حساس فصل، بارشوں ہوا میں نمی ،کیڑوں سے متاثر ہوتی ہے: محکمہ زراعت
لاہور (کامرس رپورٹر)محکمہ موسمیات نے کپاس کاشت کے مرکزی و ثانوی علاقوں میں آئندہ دو دنوں میں بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ کپاس حساس فصل ہونے کی وجہ سے بارشوں، سیلابی پانی اور ہوا میں موجود نمی میں اضافہ سے متاثر ہوتی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کپاس کی فصل کو مون سون کی بارشوں کے دوران نقصان سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات کریں ۔زرعی ماہرین کے مطابق جن کھیتوں میں بارش کا زائد پانی کھڑا ہوجائے تو اسے قریبی نچلے خالی کھیت، دھان، کماد یا چارے کے کھیت میں نکالنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ اگر کپاس کے کھیتوں میں24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہے تو پودوں کی نشوونما رک جاتی ہے حتیٰ کہ48گھنٹے پانی کھڑا رہے تو پودے مرجھانا شروع کر دیتے ہیں اور پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اگرکھیت سے پانی نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رُخ 4 فٹ گہری اور 2 فٹ چوڑی کھائی کھود کر بارش کا زائد پانی اس میں جمع کردیں۔ متوقع بارشوں کے بعد زمین وتر آنے پر اگنے والی جڑی بوٹیوں کی سلاتی کو یقینی بنائیں دریں اثناء محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کپاس کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات کریں ۔ محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 540 گ ب، تحصیل تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد میں کپاس کی فصل پر سبز تیلے کے 3 ، ضلع خانیوال میں سبز تیلے کے 13، سفید مکھی کے 11، تھرپس کے 14، لشکری سنڈی کے 6 اور ضلع ساہیوال میں سفید مکھی کے 4 ہاٹ سپاٹ مشاہدہ میں آئے ہیں۔