• news

پاکستانی انتظامیہ اور عوام افغان مہاجرین کو دہشت گرد نہ سمجھیں: ہائی کمشنر اقوام متحدہ

پشاور (این این آئی + آئی این پی) اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لئے سربراہ فلیپو گرانڈی نے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین پر اپنے ملک میں دہشت گردی کا الزام نہ لگائیں۔ پاکستان میں موجود قریباً 25 لاکھ افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے فلیپو گرانڈی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان مہاجرین کی مدد کے لیے مزید فنڈز جاری کرے۔ پشاور کے باہر وطن واپسی کے منتظر افغانیوں کے مرکز کے دورے کے دوران فلیپو گرانڈی نے کہا کہ میری نہ صرف پاکستانی انتظامیہ بلکہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ان مہاجرین کو دہشت گرد نہ سمجھیں۔ افغانستان سے تعلقات میں کشیدگی کے بعد پاکستانی حکام نے اس جانب اشارہ دیا تھا کہ افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران، حکام کو 30 جون کی ڈیڈ لائن آگے بڑھانے کے حوالے سے منانے کی کوشش کریں گے۔ دریں اثنا فیلپو گراونڈی سے ملاقات میں گورنرخیبرپی کے اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ پاک افواج کی قربانیوں اور کوششوں کے نتیجے میں فاٹامیں امن لوٹ آیا ہے قبائلی علاقوںمیں 70 فیصد ٹی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے ہیں، فاٹا کے تمام متاثرین کے واپسی کا عمل اس سال کے آخر تک مکمل ہوجائیگا۔ حکومت پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کو اولین ترجیح دے رہی ہے جس کیلئے مربوط پلان وضع کیا گیا ہے جس میں عالمی برادری کے بھرپور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کررہاہے بدقسمتی سے عالمی برادری نے یہ سمجھ لیا ہے کہ گویا یہ پاکستان کا مسئلہ ہے وہ خود اس سے نمٹے جو کسی طور مناسب نہیں، یہ پاکستان کانہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے۔ فیلپو گرانڈی نے گذشتہ تین عشروں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور ادارے کی جانب سے افغان مہاجرین اور ٹی ڈی پیز کی واپسی میںمزید تعاون کا یقین دلایا۔
اقوام متحدہ

ای پیپر-دی نیشن