عید کے بعد کرپشن کیخلاف فیصلہ کن جنگ ہو گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی اور دنیا بھر کے ممالک میں مقیم پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر کما کر زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان بھجواتے ہیں مگر پاکستان کے کرپٹ حکمران اور بیوروکریسی خون پسینے کی اس کمائی کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروا دیتی ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ملک و قوم سے بے وفائی کی ہے۔ عید کے بعد کرپشن کے خلاف فیصلہ کن جنگ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے گرینڈ افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق ملنا چاہئے تاکہ وہ اپنے ملک کے بارے میں ہونے والے اہم فیصلوں میں براہ راست شریک ہوسکیں۔ انہوں نے پاکستانی سفارت خانے سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب سمیت بیرونی ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کیلئے تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں جہاں پاکستانی بچے اپنے نصاب کے مطابق اور اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رقوم کی منتقلی کے طریقہ کار کو آسان اور عام فہم بنایا جائے۔
سراج الحق