قندیل بلوچ نے معافی مانگ لی عبدالقوی: دعویٰ غلط ہے، ماڈل گرل
ملتان + لاہور (آئی این پی + اپنے نامہ نگار سے) معروف عالم دین مفتی عبد القوی نے کہا ہے کہ قندیل بلوچ نے فون کرکے اور پانچ مرتبہ اپنے فون سے میسج کے ذریعے اپنی کی گئی غلطی پر معافی مانگی جس میں ان کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں اور انہیں معاف کرتا ہوں۔آج شکرانے کے نوافل ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قدیر آباد میں اپنے مدرسہ میں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر مفتی عبدالقوی نے میڈیا کو قندیل بلوچ کے میسجز بھی دکھائے۔ دنیا بھر سے مجھے علمائ، مشائخ نے فون اور میسج کرکے تسلیاں دیں کہ آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے وضو کرنے کے لئے اپنی واسکٹ اور ٹوپی اتاری اور وضو کرکے جب میں واپس آیا تو قندیل بلوچ نے میری ٹوپی پہن رکھی تھی جس پر میں حیرت زدہ ہو کر رہ گیا جب میں نے قندیل بلوچ سے ٹوپی پہننے بارے پوچھا تو اس نے کہا کہ چونکہ میرے سر پر پردہ نہیں تھا اس لئے میں نے ٹوپی پہن لی۔ قندیل بلوچ نے میرے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ درست نہیں ہیں۔ قندیل بلوچ نے کہا ہے کہ میں نے اس طریقے سے مفتی صاحب سے کوئی معافی نہیں مانگی، مجھے خوشی ہوئی ایسے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا، ان کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے نکالے جانے پر افسوس ہے، حکومت سکیورٹی فراہم کرے، قندیل بلوچ نے کہا بدھ کو میں نے عبدالقوی کو کال کی انہوں نے فون اٹھایا، میں نے مفتی صاحب سے افسوس کا اظہار اس لئے کیا کیونکہ ان کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے نکالا گیا ہے اس بات پر دکھ بھی ہوا اور خوشی بھی ہوئی۔ قندیل بلوچ نے روتے ہوئے کہا مجھے پرائیویٹ نمبروں سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور مفتی صاحب مجھے مختلف ذرائع سے دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب نے جو کرنا ہے کر لیں میں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرونگی۔ اداکارہ کی جانب سے حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عوام سے تین کام کرنے کے بارے میں رائے مانگی گئی ہے۔ قندیل کا کہنا ہے کہ عوام انہیں مشورہ دیں کہ وہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر فحش فلموں میں اداکاری کریں یا بھارتی شو بگ باس میں شرکت کریں یا مفتی عبدالقوی سے بیاہ رچاکر بچے پیدا کریں؟۔ اداکارہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے میں آجکل بہت کنفیوژ ہوں کہ ان تینوں میں سے کس راستے کا انتخاب کروں لہٰذا میری عوام سے التماس ہے کہ وہ اپنی کارآمد رائے دیکر میری الجھن دور کریں۔ ادھر سیشن عدالت نے قندیل کے ساتھ سیلفیاں بنانے والے نام نہاد سکالر عبدالقوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت آج 24 جون تک ملتوی کرتے ہوئے پرانی انار کلی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ مذکورہ درخواست مقامی شہری مشتاق احمد نعیمی نے دائر کی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے عدالت کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کرنے پر عبدالقوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات درج کرے۔
معافی