کراچی: ٹائروں کے گودام سمیت 4 مقامات پر آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹائروں کے گودام سمیت چار مقامات پر خوفناک آتشزدگی، ہزاروں ٹائروں اور بڑی تعداد میں جنریٹرز سمیت کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا جبکہ ٹائروں کے گودام میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں فضا میں پھیلنے والے کثیف دھوئیں اور ناگوار بو کی وجہ سے قریبی آبادیوں میں رہائش پذیر لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ گلبائی میں واقع ٹائروں کے گودام میں آگ جمعہ کی دوپہر تقریباً پونے بارہ بجے لگی جس نے برابر میں واقع جنریٹر بنانے والی فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گودام اور فیکٹری کے ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے کو بلند ہوتے ہوئے شعلوں کی وجہ سے آگ پر قابو پانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رات گئے تک آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ علاوہ ازیں سائٹ کی کپڑا فیکٹری، ماڑی پور کے چاول گودام اور ہاکس بے روڈ پر دواﺅںکی فیکٹری میں بھی آتشزدگی کے واقعات ہوئے اور اس کے نتیجے میں بھاری مالیت کا کپڑا نائلون، اجناس اور ادویات جل کر تباہ ہوگئیں تاہم کسی بھی واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کراچی / آتشزدگی