گلگت: غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر چینی باشندے کو 9سال قید، دوبارہ پاکستان آنے پر تاحیات پابندی
گلگت (این این آئی) گلگت میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ شہباز خان نے چینی باشندے وانگ جیانچیو کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر 9 سال قید کی سزا سنائی ہے۔انسداد دہشت گردی کے عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم دوبارہ پاکستان نہیں آ سکے گا۔مجرم نے دوران سماعت اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انھوں نے پاکستان سے چار پستول اور دو سو سے زائد گولیاں خریدیں جنھیں وہ چین لے جانا چاہتے تھے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں آئی جی پنجاب کو حکم دیا ہے کہ جس اسلحہ ڈیلر نے چینی باشندے کو اسلحہ فروخت کیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ چینی باشندے وانگ جیانچیو کو 24 مئی کو پاک چین سرحدی علاقے میں ہنزہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا ان کے قبضے سے اسلحے کے علاوہ دوربین اور نقشے بھی برآمد ہوئے تھے۔
چینی باشندہ سزا