• news

ڈسکہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے3 دوست، ساہیوال میں پانی لگانے کے تنازعہ پر 3 بھائی قتل،13 زخمی

ڈسکہ +ستراہ + ساہیوال (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) تین بہنوں کے اکلوتے بھائی سمیت تین دوستوں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ساہیوال میں پانی کی باری کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ سے تین سگے بھائی ہلاک، 13 زخمی ہو گئے۔ واقعات کے مطابق ڈسکہ کے موضع کنڈن سیان کے رہائشی محمد اسلم ملک کا بیٹا زین ملک جو تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا محلہ ہی کے رہائشی محمد اسلم بٹ کا بیٹا ربیع بٹ اور افتخار احمد کے بیٹا حامد اپنے گھروں میں افطاری کا کہہ کر ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گائوں سے گئے جو رات گئے تک واپس نہ آئے صبح سویرے تھانہ بمبانوالہ کے موضع ملیانوالہ پلی کے قریب نہر بی آر بی کے کنارے تینوں دوستوں کی نعشیں دیکھ کر راہگیروں نے تھانہ بمبانوالہ پولیس کو اطلاع دی پولیس روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے ہو ئے کئی گھنٹوں کی تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی اور تینوں نعشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کردیں۔ تہرے قتل کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقتولین کے گھروں میںکہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں دوستوں کی عمریں18سے20 سال کے لگ بھگ ہیں۔ تھانہ بمبانوالہ پولیس نے مقتول ربیع بٹ کے والد محمد اسلم بٹ کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ڈی پی او، بمبانوالہ پولیس ہومی سائیڈ یونٹ نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود فرانزک شہادتیں اکٹھی کیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق تینوں دوستوں کو گزشتہ شام ساڑھے سات بجے سمبڑیال روڈ پر موٹرسائیکل پر بیٹھے دیکھا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں کو رات گئے ویرانے میں سر گردن اور سینے میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور تینوں کو چار چار گولیاں ماری گئیں ہیں۔ پولیس کے مطابق کسی رنجش کی بنا پر قتل کی یہ ہولناک وارادت کی گئی ہے۔ موقع سے پولیس نے بارہ گولیوں کے خول بھی برآمد کئے ہیں جبکہ ساہیوال کے چک 111/9 ایل قصبہ جہاں خاں میں پانی کے تنازعہ پر جوئیہ برادری سمندے اور ولیاکے بچوں کے در میان 2 روز قبل کھال کے پانی کے تنازعہ پر معمولی جھگڑا ہوا تھا جس کا سمندے گروپ کے محمد اقبال اور انوار وغیرہ کو سخت رنج تھا جنہوں نے منصوبہ بندی کے تحت نماز جمعہ ادا کر کے مسجد سے باہر نکلتے ہوئے صفدر علی وغیرہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی دیگر افراد بچا نے کے لئے آئے تو ملزمان نے ان پر بھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں گو لیاں لگنے سے احمد علی کے بیٹے 3 سگے بھائی صفدر علی ، تاج علی اور مزمل علی جاں بحق ہو گئے جبکہ علی زین ، طالب حسین ، عباس ، ذوالفقار، اشرف ، اکرم ، منظور حسین اور محمد حسین وغیرہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 4 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس تھانہ یوسف والا اطلاع ملنے کے باو جود تاخیر سے پہنچی ۔

ای پیپر-دی نیشن