• news

جنرل راحیل کو بتا دیا تھا نوازشریف کی موجودگی میں انصاف نہیں ملے گا: عمران خطاب میں آصف نواز کا بھی ذکر، حکمران خاندان کی بولتی تصاویر نہ دکھائی جاسکیں

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف پروفیشنل ونگ کی کنونشن میں خطاب میں عمران نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا جنرل راحیل شریف نے مجھے بلایا اور کہا میں ثالث بننا چاتا ہوں تو میں نے ان سے کہا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے ہمیں کبھی انصاف نہیں ملے گا۔ اس موقع پر انہوں نے نوازشریف کے لفافہ جرنلزم شروع کرنے‘ چھانگا میں ممبران اسمبلی کی بولی لگانے پر تفصیلی روشنی ڈالی اور پھر جنرل آصف نواز جنجوعہ کے حوالے سے کہا کہ خود نوازشریف کے بھائی اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ جنرل آصف نواز جنجوعہ مری میں وزیراعظم نوازشریف کو ملنے کیلئے آئے۔ جب وہ واپس جانے لگے تو نوازشریف نے ان کیلئے نئی بی ایم ڈبلیو کھڑی کر رکھی تھی جس کی چابی انہیں پیش کی، یہ دوسری بات ہے کہ جنرل جنجوعہ نے نہیں لی۔ علاوہ ازیں کنونشن میں حکمران خاندان کی بولتی تصویریں دکھانے میں عندلیب عباس ناکام ہو گئیں۔ پانامہ پیپرز پر پریذنٹیشن کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف، بیگم کلثوم نواز، مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز کی تصاویر دکھاتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ اب ان پانچوں کے بیانات انکی آواز میں سنیں اور ان میں تضادات دیکھیں اس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا لیکن کافی کوششوں کے باوجود انکی آوازیں نہ سنائی جاسکیں جن پر مایوسی کی فضا چھا گئی اور عمران سمیت تحریک انصاف کی قیادت نے سبکی محسوس کی اور جاتے ہوئے عمران نے کہا آوازیں سنی جاسکتیں تو حقیقت زیادہ واضح ہوجاتی۔

ای پیپر-دی نیشن