امجد صابری متحدہ کے علاقے میں قتل ہوا، وہاں کوئی پَر نہیں مار سکتا: نبیل گبول
کراچی (نیٹ نیوز) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ لڑائی اور بدامنی کے پیچھے زکوٰۃ ، فطرے، صدقے اور چندے کی لڑائی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو ہر صورت میں جانا ہوگا، اگر کوئی سوچ رہا ہے کہ کوئی نوازشریف کو بچا لے گا یہ اسکی غلط فہمی ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیاں رینجرز کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کراچی آپریشن زبردست طریقے سے چل رہا تھا لیکن رینجرز کے صوبائی حکومت کے ساتھ کچھ ایشوز اور مسائل ہیں۔ ایم کیو ایم کے 80 فیصد ٹارگٹ کلرز اور کریمنلز پکڑے گئے مارے گئے یا پھر ملک سے فرار ہو گئے جس کی وجہ سے ایم کیو ایم بہت پریشان ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کا حالیہ مہینے میں جھگڑا رمضان کے فطرہ پر ہوا ہے جو ایم کیو ایم کو ملین روپے میں ملتا تھا۔ رینجرز نے کراچی میں خوف کی فضا کو ختم کردیا جس کی وجہ سے لوگوں نے کراچی میں ایم کیو ایم کو فطرہ زکوٰۃ، صدقات اور چندا دینا بند کردیا۔ انہوں نے کہا جہاں امجد صابری قتل ہوا وہاں کوئی پَر نہیں مار سکتا، وہ ایم کیو ایم کا علاقہ ہے۔