پی ٹی وی رمضان ٹرانسمیشن، شرکاء میں کار، موٹر سائیکل کے انعامات تقسیم
لاہور(کلچرل رپورٹر ) لاہور میں جاری پاکستان ٹیلی ویژن کی خصوصی نشریات "رمضان اللہ کا احسان" میںوفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، چئیرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی اور ایم ڈی ،پی ٹی وی سیّد عمران گردیزی نے شرکت کی اور قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار پانے والے طاہر رفیق کوگاڑی اورتین رنرز اپ کو موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اعلیٰ قومی روایات اور اقدار کا امین ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے تخلیق کاروں نے ہمیشہ قومی روایات کے مطابق پروگرام پیش کئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نو جوان نسل کو اپنی ثقافتی اوردینی اقدار سے روشناس کرانے کیلئے ایک تربیت گاہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹرسیّد عمران گردیزی نے رمضان المبارک کے موقع پر بہترین ٹرانسمشن پیش کرنے پر ڈائریکٹرز ،پروڈیوسرز،تخلیق کاروں اور فنکاروں کو مبارک باد پیش کی ۔پی ٹی وی کی رمضان نشریات میں چیئرمین عطاالحق قاسمی کے علاوہ پی آئی ڈی کے ڈائریکٹرجنرل راو تحسین علی خان،امجد بخاری،ڈائریکٹر پروگرام آغا ذولفقارخان،ڈائریکٹر ایڈمن ارشد منیر،پی ٹی وی لاہور سینٹر کے جنرل منیجر بشارت خان ،پروگرام منیجر چوہدری افتخارورک اور دیگرشعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی ۔