پاکستان سپر لیگ دوسرے ایڈیشن کیلئے مزید سٹار کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کامیابی کے بعد دوسرے ایڈیشن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید سٹار کرکٹرز کو شامل کرنے کے لئے رابطے تیز کر دیئے۔ اس سلسلہ میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز ، نیوزی لینڈ کے گپٹل اور آسٹریلیا کے وارنر بھی بورڈ کی فیورٹ لسٹ میں شامل ہیں۔ ان میں بیشتر وہ کرکٹرز ہیں جو پہلے ایڈیشن میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف تھے۔ بورڈ کی نظریں ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ اے بی ڈویلیئر ، برینڈن میکولم ، فاف ڈوپلیسی ، میچل سٹارک اور ڈیوڈ وارنر پر جمی ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ہیرو کارلوس بریتھ ویٹ سے بھی بورڈ رابطہ کر رہا ہے۔ نئی لسٹ میں نیوزی لینڈ مارون گپٹل ، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن ، کیون پولارڈ ، انگلینڈ کے بین سٹوک ، آسٹریلیا کے میچل جونسن اور میچل مارش کو بھی بورڈ پاکستان سپر لیگ میں شامل کرنا چاہتا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے سپر لیگ سب سے زیادہ دو کروڈ دس لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں جن میں کرس گیل ، شین واٹسن ، کیون پیٹرسن جیسے غیر ملکی کرکٹرز شامل ہیں اور بورڈ کے لئے بڑا چیلنج اتنی رقم میں اے بی ڈویلیئر ، برینڈن میکولم اور وارنر جیسے کرکٹرز کو شمولیت کے لئے راضی کرنا ہوگا۔