افغانستان سے سالانہ 30 ارب ڈالر کی منشیات پاکستان سمگل ہوتی ہے: اقوام متحدہ
اسلام آباد (آن لائن)افغانستان سے سالانہ 30ارب ڈالر مالیت کی منشیات پاکستان سمگل کی جاتی ہیں جس میں 250ٹن سے زائد افغان منشیات پاکستان میں ہی استعمال کی جاتی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان اس وقت دنیا کی90فیصد منشیات کی پیداوار کر رہا ہے جس میں سے40فیصد منشیات پاکستان سمگل کر دی جاتی ہیں اور باقی 50 فیصد منشیات افغانستان سے وسطی ایشیائی ممالک بھیجی جاتی ہیں۔ مالی طور پر اس پرکشش دھندے میں ملوث گروہ مقامی با اثر افراد کی معاونت کے بغیر ایسا نہیں کر سکتے، منشیات کی اس کھیپ کو زیادہ تر بلوچستان کے ساحلی علاقوں اور سندھ کی بندرگاہ کے ذریعے بیرونی دنیا کو سمگل کیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ 6لاکھ سے زائد پاکستانی نشہ کرنے والوں کو منشیات نہ ملے تو وہ لقمہ اجل بن جائیں گے۔