• news

بلاول پارٹی کو کامیابی سے چلانا چاہتے ہیں تو اسکا گند صاف کریں: ناہید خان

لاہور (اے این این) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ناہید خان نے کہا ہے کہ اس وقت ایسا خلا پیدا ہو رہا ہے کہ اقتدار میں آنے کی ان کو دعوت دی جا رہی ہے جن کے آنے سے مزید مشکلات میں اضافہ ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر عوام کو بیوقوف بنایا ہوا ہے جب الیکشن کمشن کا وجود ہی نہیں ہے تو پھر ریفرنس دائر کرنے کا کیا فائدہ، زرداری میں اب اتنی ہمت نہیں رہی کہ وہ پاکستان آ سکیں، بلاول اگر پارٹی کو کامیابی سے چلانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پارٹی کا گند صاف کریں، مخلص اور ناراض کارکنوں کو قریب لائیں، اپنے والد اور پھوپھیوں کی سیاست سے کنارہ کشی کریں، نانا اور والدہ کی سیاست کو اپنائیں تو وہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناہید خان نے کہا کہ چند خاندانوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے وہ ملک کو صرف اپنے مفاد کے لئے چلاتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں میں گندے انڈے موجود ہیں ان کا خاتمہ کئے بغیر ملک میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا، ایسے مفاد پرست لوگ ملکی دولت لوٹ کر اندون و بیرون ممالک جائیدادیں، آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں۔ اس سے زیادہ بدقسمتی اور کیا ہو گی کہ ملک کسی سسٹم اور وزیراعظم کے بغیرچل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان کا نام جمہوریت نہیں ہے کہ ان کے اقتدار کو خطرہ ہو تو وہ جمہوریت کو خطرے میں قرار دے دیتے ہیں، چند سیاسی خاندانوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن