لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش کوئٹہ میں تباہی 3 افراد جاں بحق
کوئٹہ+ لاہور+ (نوائے وقت رپورٹ+ سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز مون سون کی پہلی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کوئٹہ میں بارش نے تباہی مچا دی اور بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور شہر کا بڑا حصہ ڈوب گیا۔ برساتی پانی میں ڈوب کر 3افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چھتیں گرنے کے اور دیگر حادثات میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ موسلا دھار بارش کے بعد شہرکی سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بارش کا پانی وارڈز میں داخل ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید بارش کے باعث شہر کے کئی فیڈر ٹرپ کرگئے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف سڑکوں کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو نقصانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، میرپور، سکھر، شہید بے نظیر آباد اور حیدرآباد میں آج شام یا رات بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج منگل سے مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے مون سون کی ایک اور تاریخ دے دی اور کہا ہے آج منگل سے مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہو جائیگا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں تیز آندھی اور طوفانی بارش ہوئی‘ گھر کی چھت گرنے سے 2 خواتین زخمی ہو گئیں۔ علاوہ ازیں سرگودھا‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد میں بھی بارش ہوئیں۔ علاوہ ازیں پیسکو ترجمان کے مطابق خیبر پی کے میں مختلف اضلاع میں شدید آندھی کے باعث 29فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ علاوہ ازیں ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول نے کہا ہے کہ ایک مہینہ پہلے مون سون کی صورتحال کی پیش گوئی کر چکے ہیں۔ اس مون سون میں سیلاب یا طغیانی کے خطرات موجود ہیں۔ مون سون میں شہروں میں سیلابی صورتحال کا امکان موجود ہے۔ 50ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی تو شہروں میں سیلابی صورتحال ہو گی۔ مزید برآں چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے اس سے متعلق تیاری کر لی ہے اس وقت 10سے 20فیصد زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں رات گئے لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے تاہم موسم خوشگوار ہو گیا۔