پاکستان کو 2 بلائنڈ ورلڈکپ جتوانے والا بلے باز محمد فیاض قرض لیکر علاج کرانے پر مجبور
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کو دو بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ جتوانے والا بلے باز محمد فیاض ان دنوں بڑی آنت کے عارضہ میں مبتلا ہیں، ارباب اختیار کی عدم دلچسپی کے باعث تمام جمع پونچی خرچ ہونے کے باعث سابق کرکٹر قرض لیکر اپنا علاج کروانے پر مجبود ہیں۔ رسول پارک شاہدرہ کے رہائشی محمد فیاض نے دوہزار دو اور دوہزار چھ کے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی ان دنوں میں یہ صرف پاکستان چیمپئن بنا بلکہ محمد فیاض بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرنے میںکامیاب ہوئے، محمد فیاض کو بلائنڈ کرکٹ میں جاوید میانداد ثانی کا لقب بھی دیا گیا، وہ گزشتہ تین سال سے بیمار ہیں اور بڑی آنت کے دو آپریشن کروا چکے ہیں لیکن تیسرا آپریشن کروانے کیلئے ان کے پاس رقم نہیں ہے، انہوں نے ارباب اختیار سے اپنے علاج معالجہ کیلئے امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔