• news

چلی نے ارجنٹائن کو ہرا کرکوپا امریکہ فٹبال ٹونامنٹ جیت لیا پنلی کک ضائع ہونے پرمیسی ریٹائر

نیو جرسی (سپورٹس ڈیسک) دفاعی چیمپئن چلی نے ارجنٹینا کو پینالٹی شوٹ آئوٹ پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار کوپا امریکہ کپ 2016 جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ سال فائنل میں شکست کا بدلہ نہ چکا سکی اور چلی نے تاریخ کو دہراتے ہوئے نیو جرسی میں رواں سال کے فیصلہ کن معرکے میں میں ارجنٹینا کو شکست سے دوچار کردیا۔امریکہ میں جاری کوپا امریکہ کپ کے صد سالہ ایڈیشن میں فائنل میچ میں ارجنٹینا اور چلی کی ٹیم مدمقابل ہوئی۔میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ہی حریفوں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور مقررہ وقت میں کئی کوششوں کے باوجود کوئی ٹیم گیند کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہی۔اضافی وقت بھی میچ کے لیے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا اور میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے پینالٹی ککس کا سہارا لینا پڑا۔پینالٹی ککس پر بھی دونوں ٹیموں کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلی دونوں ککس پر گیند پول گوسٹ میں داخل نہ ہوسکی، ارجنٹینا کے کپتان اور شہرہ آفاق کھلاڑی لیونل میسی کی کک بھی گول سے باہر چلی گئی تاہم چلی نے سخت جدوجہد کے بعد پینالٹی ککس پر فیصلہ کن معرکہ 2 کے مقابلے میں 4 گول سے جیت لیا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال کوپا امریکہ کپ کے فائنل میں چلی نے ارجنٹینا کو پینالٹی ککس پر 1-4 سے شکست سے دوچار کیا تھا۔دریں اثناء کوپا امریکہ کپ کے فائنل میں مسلسل دوسری مرتبہ چلی کے ہاتھوں شکست پر ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے بین االاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ارجنٹائن کی جانب سے میسی کی پیلنٹی شوٹ آؤٹ بھی ضائع ہوگئی تھی۔ ایونٹ میں شکست کے بعد میسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کرسکتے تھے وہ انہوں نے کیا لیکن اب ان کے لیے قومی ٹیم کی نمائندگی کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ 29 سالہ لیونل میسی کو ارجنتائن کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے لیکن ان کی قیادت میں ارجنٹائن مسلسل چوتھے میگا ایونٹ کا فائنل ہاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن