• news

مودی کی منطق عجیب، بھارت مذاکرات سے بھاگنے کے بہانے کر رہا ہے: سرتاج عزیز

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کشمیر ، سیاچن اور سرکریک کے مسائل ہیں، سٹیبلشمنٹ سے ڈکٹیشن نہیں لیتے، مشاورت کرتے ہیں، بھارت مذاکرات کی میز سے بھاگنے کیلئے بہانے کر رہا ہے۔ وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے ساتھ ، سیاچن اور سرکریک کے مسائل ہیں ، بھارتی وزیراعظم کی عجیب منطق ہے ، وہ مذاکرات سے بھاگنے کے لئے بہانے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات کی میز پر آنا ہی نہیں چاہتا، بھارت مذاکرات کے لئے آمادہ ہو تو بات ہوسکتی ہے ۔ دنیا بھر میں وزیراعظم وزیراعظم سے، وزیرخارجہ وزیرخارجہ سے اور سیکرٹری خارجہ سیکرٹری خارجہ سے بات کرتے ہیں ۔ پاکستان کا موقف ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جائے۔ بھارت مذاکرات کی میز پر آئے تو ہمارا میکنزم موجود ہے ۔ مشاورت کے ساتھ مل کر موقف اختیار کرلیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ خارجہ پالیسی پر سیاسی قیادت اور سکیورٹی ادارے متحد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن