پنجاب اسمبلی میں تعینات پولیس اہلکاروں کی لڑائی، ایک دوسرے کو گالیاں دیں
لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں ڈیوٹی پر متعین پولیس اہلکار آپس میں الجھ پڑے اور ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ گزشتہ روز نیشنل بنک کی کیش وین کو پنجاب اسمبلی ڈیوٹی پر تعینات سپیشل برانچ کے اہلکاروں نے روک لیا اور تلاشی کا مطالبہ کیا، قریب کھڑے ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ نے انہیں منع کیا اور کہا کہ کیش وین کی تلاشی نہیں بنتی اس پر سپیشل برانچ کا ایک اہلکار طیش میں آ گیا اور اس نے ایس ایچ او کا گریبان پکڑ لیا۔ بس پھر کیا تھا دونوں طرف سے گالیوں کا تبادلہ ہونے لگا۔ ڈیوٹی پر موجود حکام نے دونوں کو وہاں سے ہٹا دیا تا ہم ان کے درمیان گالیوں کا تبادلہ جاری رہا، معلوم ہوا ہے کہ دونوں کے درمیان صلح کرا دی گئی ہے۔