یورو کپ:انگلینڈ کو آئس لینڈ کے ہاتھوں شکست کوچ مستعفی ہو گئے
نائس(سپورٹس ڈیسک) یورو کپ 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے میں انگلینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کے سٹرائیکر وین رونی کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ کے مدمقابل نظر آئی۔انگلینڈ نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور چوتھے منٹ میں ہی وین رونی نے پنالٹی سٹروکس پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر آئس لینڈ کے خلاف صفر کے مقابلے میں 1 گول کی برتری دلادی۔تاہم انگلینڈ کی برتری زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی اور 2 منٹ بعد ہی آئس لینڈ کے کھلاڑی رایگنر سگورڈسن نے کلوز رینج سے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا، اس طرح میچ کا 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔انگلینڈ کی ٹیم ابھی آئس لینڈ کے کھلاڑیوں کے حملوں سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ 18 ویں منٹ میں آئس لینڈ کے کوبین سگوتھروسن نے ٹیم کو 1-2 سے سبقت دلائی۔دوسرے ہاف میں آئس لینڈ نے منیجر رائے ہوجسن کی انگلش ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور میچ کے اختتام تک انگلینڈ کو گول کرنے سے محروم رکھا۔انگلش منیجر رائے ہوجسن نے آئس لینڈ کو قابو کرنے کے لیے کئی متبادل کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارا لیکن وہ بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچاسکے۔میچ کے اختتام کے بعد انگلش کپتان وین رونی نے آئس لینڈ کے خلاف شکست کو تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی بہترین ٹیم ہمیشہ نہیں جیت پاتی، جب حریف ٹیم اپ پر سبقت حاصل کرلے تو میچ کا سکور برابر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ حریف ٹیم اْس وقت منظم ہوتی ہے۔ لاسٹ 16 میچ میں آئس لینڈ کے مقابلے کے لیے پراعتماد تھے، ہم جیت سکتے تھے لیکن میچ میں شکست سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔انگلش ٹیم کے کوچ رائے ہوجسن نے شکست کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ انگلینڈ کی آئس لینڈ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کے بعد انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کوچ رائے ہاجسن مستعفی ہوگئے ہیں۔68 سالہ ہوجسن کو چار سال قبل سابق کوچ فیبیو کاپیلو کی جگہ تعینات کیا گیا تھا تاہم وہ اہم ٹورنامنٹس میں 11 میچوں میں سے صرف تین میں کامیابی حاصل کر سکے۔رائے ہوجسن کا کہنا تھا مجھے اس قسم کے اختتام پر افسوس ہے کہ یہ سب ہوا۔مجھے امید ہے کہ آپ جلد ہی انگلینڈ کی ٹیم کو کسی اہم ٹورنامنٹ کے فائنل میں دیکھیں گے۔ہوجسن کی زیر قیادت انگلینڈ کی ٹیم نے کل 56 میچ کھیلے جن میں سے 33 میں اسے فتح حاصل ہوئی۔قوم کی طرح، اس شکست پر ہم مایوس ہیں کہ یورو 2016 میں ہمارا سفر وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔یوروکپ کا ناک آؤٹ مرحلہ ختم ہوگیا جبکہ کوارٹر فائنل میں پولینڈ کا مقابلہ پرتگال، ویلز کا مقابلہ بیلجیئم، جرمنی کا مقابلہ اٹلی اور فرانس کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوگا۔