ومبلڈن میں ساتھی کھلاڑی کیساتھ بہترین کارکردگی کی کوشس کرونگا:اعصام الحق
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ٹینس سٹار اعصام الحق لندن میں جاری ومبلڈن ٹینس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اعصام الحق کی ایونٹ کے ڈبلز مقابلوں میں برازیل کے مارسیلو ڈیمولینر کے ساتھ جوڑی ہوگی جو ان کا گراس کورٹ پر 11 واں جبکہ مجموعی طور پر 36 واں گرینڈ سلیم ایونٹ ہوگا۔ اعصام الحق کا کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھی کھلاڑی کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اور پرجوش چیلنج کے لیے پرعزم ہوں۔36 سالہ ٹینس سٹار کی ومبلڈن میں بہترین کارکردگی 2010 میں تھی جب انھوں نے کوارٹرفائنل مرحلے تک کوالیفائی کرلیا تھا۔لاہور میں پیدا ہونے والے قومی کھلاڑی 1998 میں پروفیشنل ٹینس میں آئے اور اب تک اپنے کیریئر میں 11 ٹائٹل حاصل کرچکے ہیں۔ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی 2010 کے یو ایس اوپن میں فائنل تک رسائی تھی جہاں ان کے ساتھ ہندوستان کے روہن بوپنا تھے اور ان کے مدمقابل امریکا کے برائن برادرز تھے۔