یمن: فضائی حملے‘ جھڑپیں‘ ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 80 ہلاک
صنعاء (اے ایف پی+ آئی این پی) یمن میں سعودی قیادت میں سرگرم اتحادیوں کے ایک فضائی حملے میں، جھڑپوں میں 10شہریوں سمیت 80 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمنی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو سعودی قیادت میں سرگرم اتحادیوں کی جانب سے کیے گئے ایک فضائی حملے میں 34 افراد ہلاک ہو گئے۔ جنوبی صوبے تعز میں علی الصبح کیے جانے والے اس حملے میں باغیوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، مرنے والوں میں 15 جنگجوں کے ساتھ ساتھ 2 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد شامل ہیں۔ یہ ہلاکتیں 24 گھنٹے میں ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں 8افراد زخمی بھی ہو گئے۔ دریں اثنا جنوبی یمنی شہر مکلا میں داعش کے خودکش حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر48 ہو گئی ہے۔ ادھر یمن کے مسئلہ پر کویت میں مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا۔