• news

ایماندار قیادت کا انتخاب عوام اور پارلیمنٹ کی مشترکہ ذمہ داری ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ایماندار قیادت کا انتخاب عوام اور پارلیمنٹ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کرپشن، ظلم اور استحصال پر مبنی سیاسی اور انتخابی نظام کے باعث پے در پے انتخابات کے باوجود پاکستان کو نمائندہ قیادت میسر آسکی اور نہ ہی ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکا۔ جس دن عوام نے اپنے ووٹ کے حق، اس کے تقدس اور اس کے استعمال کو سمجھ لیا وہی دن پاکستان کے مسائل کے حل کا پہلا دن ہو گا۔ پاکستان کو ایک پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ ایک ایسی ایماندار اور جرأت مند قیادت جو پاکستان کے مقدمے کو پورے وقار کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کر سکے ایماندار قیادت کے انتخاب کی ذمہ داری صرف اور صرف عوام کے کندھے پر ہے۔ کرپشن، بے ایمانی، اقربا پروری، انتہا پسندی اور دہشت گردی نے اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کیلئے خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔ ملک جن سنگین حالات سے دو چار ہے اس پر ہرپاکستانی فکر مند ہے۔ عوام اور قیادت کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلوں نے پاکستان کو بحرانستان میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے شہر اعتکاف بغداد ٹائون میں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری عزائم رکھنے والے عناصر دین اور سیاست کو جدا کرنے کی بات کرتے ہیں یہ درست ہے کہ دین کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ دین انسانی حقوق کے تحفظ اور باہمی احترام اور اعتدال کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حسن سلوک اور اخلاق بہت بڑی انسانی خوبیاں ہیں۔ اپنے ہاتھوں میں قلم پکڑیں، زبان پر امن اور سچائی کے کلمات لائیں۔ اپنے قدموں کو مساجد اور تحصیل علم کیلئے اٹھائیں، دنیا اور آخرت میں کامیابی اور خوشحالی کے یہی وظائف ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن