پاکستان، افغانستان میں سرحد پر کشیدگی روکنے کیلئے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے افغان سفیر عمر زاخیل وال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے میں امن و ترقی اور عوام کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کو علاقائی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیر خزانہ کا سرحد پر عوام کی نقل و حرکت کو ضابطے کے تحت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ افغان سفیر نے پاک افغان سرحد پر ہونے والے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ افغان سفیر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ واقعات بدقسمتی ہے۔ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی رابطہ ضروری ہے۔ آئندہ ایسے واقعات روکنے کیلئے قریبی روابط رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تجارت، مواصلات، اقتصادی شعبے میں تعاون چاہتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراءخواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی اور وزیراعظم کے سیکرٹری نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے جاری منصوبوں اور ان کی بروقت تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے ”مستقبل کی توانائی ضروری“ سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ سیکرٹری پٹرولیم نے مستقبل کے منصوبوں کی ایندھن کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ وزارت پانی و بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے۔ جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق وزیراعظم کو رپورٹ دی جائے۔
وزیر خزانہ