مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم کے لاہور میں استقبال کی تیاریاں شروع کردیں
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم نوازشریف کے لاہور میں شایانِ شان خیرمقدم کرنے کیلئے تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ گزشتہ روز پارٹی تنظیم کو متحرک کرنے کیلئے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر عہدیدار، صوبائی وزرائ، وزیراعلیٰ کے مشیران، حمزہ شہباز کے پبلک افیئر یونٹ کے ممبران سمیت ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کی بڑی تعداد اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) پوری سیاسی قوت کے ساتھ نوازشریف کی پشت پر کھڑی رہے گی تاکہ انکی قیادت میں پارٹی اپنی پانچ سالہ حکومتی میعاد کو پوری کرسکے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین شاہد کی افطار پارٹی میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر عہدیدار اور صوبائی وزراءراجہ اشفاق سرور، ملک ندیم کامران، بیگم ذکیہ شاہنواز، چودھری محمد شفیق، بیگم حمیدہ وحید الدین، طاہر خلیل سندھو، ڈپٹی سپیکر سردار شیرعلی گورچانی، منشاءاللہ بٹ، سمیع اللہ خان و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی مکمل صحت یابی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ مسلم لیگی رہنماﺅں اور عہدیداروں نے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنے کیلئے تجدید عہد کیا۔
وزیراعظم/ استقبال