لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ تبدیل، جسٹس شاہد حمید ڈار سینئر ترین جج بن گئے
لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہو گئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سپریم کورٹ میں بطور جج اور جسٹس منصور علی شاہ کی لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تعیناتی کے بعد جسٹس شاہد حمید ڈار لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے۔ اب ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی چیف جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس شاہد حمید ڈار، جسٹس محمد یاور علی، جسٹس محمد انوار الحق، جسٹس سردار محمد شمیم خان، جسٹس مامون الرشید شیخ، جسٹس محمد فرخ عرفان خان پر مشتمل ہو گی۔ انتظامی کمیٹی کے فاضل ججز کے بعد سنیارٹی کے لحاظ سے جسٹس محمد قاسم خان آٹھویں، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نویں اور جسٹس مظہر اقبال سدھو دسویں نمبر پر ہیں۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ 27 نومبر 2024ء کو 62 سال کی عمر میں لاہور ہائیکورٹ سے ریٹائر ہوں گے۔ اگر اس دوران ان کی تعیناتی سپریم کورٹ میں ہو گئی تو وہ 65 سال کی عمر تک عدالت عظمیٰ میں بطور جج اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 47 ہے جبکہ منظور شدہ آسامیاں 60 ہیں۔
سنیارٹی لسٹ تبدیل