• news

کراچی: پولیس ناکے پر فائرنگ، اہلکار جاں بحق،2 مقابلے، 5دہشت گرد ہلاک

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے لیاری میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے گزشتہ رات میراں ناکے پر فائرنگ کر دی جس سے وہاں متعین پولیس اہلکار پرویز جاں بحق ہو گیا۔ وہ چاکیواڑہ تھانے میں تعینات تھا۔ حملہ آور آسانی فرار ہو گئے۔ قبل ازیں رات گئے بغدادی نوالین میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن کے قبضے سے جدید اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے علاوہ منشیات برآمد کر لی گئی تاہم دو دہشت گرد عمارت سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گئے۔ رینجرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق گینگ وار سے تھا اور وہ سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے متحدہ کے 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 11 جرائم پیشہ عناصر گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں چاکیواڑہ میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے3دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ واضح رہے کہ 22 رمضان تک سٹریٹ کرائمز میں 15 سو شہریوں کو موبائل فونز جبکہ16 کے لگ بھگ کو موٹر سائیکلوں سے محروم ہونا پڑا۔ سی پی ایل سی کے اعدادو شمار کے مطابق یکم رمضان سے بائیس رمضان المبارک تک پندرہ سو شہریوں کو موبائل فونز سے ہاتھ دھونا پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی ضمانت پر رہائی سٹریٹ کرائم میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔
کراچی مقابلہ

ای پیپر-دی نیشن