• news

لوڈشیڈنگ میں اضافہ‘ فنی خرابی کے باعث کوئٹہ سمیت سولہ اضلاع کی بجلی ڈیڑھ گھنٹہ معطل

لاہور/ فیصل آباد/ کوئٹہ (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ آن لائن) بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار متاثر رہے۔ سحر و افطار اور تراویح کے وقت بھی لوڈشیڈنگ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ سبی گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بلوچستان کے 16 اضلاع میں بجلی کی فراہمی ڈیڑھ گھنٹہ تک معطل ہو گئی۔ فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے یوسی چیئرمین کی فیکٹری پر حملہ کرکے توڑپھوڑ کی جبکہ شدید گرمی کے باعث پیرمحل میں سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ گیا جس کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں 12 گھنٹے جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ فیصل آباد میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا گیا او ر مظاہرین نے یونین کونسل چیئرمین جمیل انصاری کی فیکٹری پر دھاوا بول دیا‘ اینٹوں پتھروں سے حملہ کرکے دروازوں‘ کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے‘ چوکیدار سمیت کئی ملازم زخمی ہو گئے۔ پیرمحل سے نامہ نگار کے مطابق نجی بنکوں کو کیش سپلائی کرنے والی وین پر سکیورٹی کے فرائض ادا کرنے والے محمد نعیم کی پیر محل پہنچ کر گرمی کی وجہ سے دم توڑ گیا۔ آن لائن کے مطابق بلوچستان کے علاقے سبی گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث آدھا صوبہ اندھیرے میں ڈوب گیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ڈیڑھ گھنٹے بعد فنی خرابی دور کر کے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔ کوئٹہ میں کوئٹہ میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی متاثر ہوا اور عید کی خریداری کے موقع پر بازاروں میں رونقیں ماند پڑ گئیں۔ رات 9 بجے کے قریب سبی گرڈ سٹیشن میں بڑے ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کے باعث بجلی ٹرپ کر گئی جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع پشین‘ بولان‘ قلعہ عبداللہ‘ قلات‘ مستونگ سمیت دیگر اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ دار اور خاص کر نماز تراویح کے دوران لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں ملک میں مون سون بارشوں کے باعث حبس بڑھ جانے سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ روز بھی افطار و سحر سمیت تراویح کے اوقات بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ شارٹ فال میں اضافہ کے باعث ٹیکنیکل لوڈ مینجمنٹ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا جس کے باعث بیشتر علاقوں میں وولٹیج کم رہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہری بلبلا اٹھے۔ گرمی کی شدت میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی گیپکو کی طرف سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ ایک بار پھر سے زورپکڑ گیا۔ شہریوں کو سحر اورافطار کے اوقات میں بھی بدترین بندش کا سامنا ہے۔ شہریوں نے بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کیا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی طوےل اور غےراعلانےہ لوڈشےڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بےس بےس گھنٹے کی بجلی کی بندش نے شہرےوں کے کاروبار تباہ کردےئے جبکہ حکومت کی جانب سے سحری، افطاری اور نماز تراوےح کے دوران بجلی بند نہ کئے جانے کے دعوے دھرے رہ گئے۔
لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن