شیخوپورہ: ڈی پی او کی موجودگی میں بھتہ خور کا فون‘ سابق ایم ایس سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ
شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی)ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک کی موجودگی میں بھتہ خوروں نے سابق ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کو فون کرکے دوبارہ 20لاکھ روپے تاوان کی رقم کا مطالبہ کردیا ، ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ جو ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں کارڈیالوجسٹ ہیں کے گھر پر بھتہ خوروں کی فائرنگ کی اطلاع پا کر ڈی پی او سمیت متعدد پولیس افسر پہنچ گئے جن کی موجودگی میں کئی روز سے کالز کرنے والے بھتہ خوروں کی فون کال آگئی جو ڈی پی او سمیت تمام اعلیٰ پولیس افسروں نے سنی جس میں بھتہ خوروں نے ڈاکٹر سے کہا کہ تم نے فائرنگ سن لی ہے بھتہ نہ دیا تو فائرنگ تم پر بھی ہوسکتی ہے۔ بھتہ خوروں کی کالز کے بعد ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کے گھر پر بھی پولیس کا عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بھتہ خوروں نے اپنی ڈیمانڈ 20لاکھ سے کم کرکے 12لاکھ کردی ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس نے تفتیش کیلئے ڈی ایس پی سٹی سرکل راجہ فخر بشیر کی سربراہی میں دو علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں اور کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کیساتھ لڑائی جھگڑا کرنے والے افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔