بدامنی کی سازشیں پھر سر اٹھا رہی ہیں، نظر رکھنے کی ضرورت ہے: فضل الرحمن
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قرآن کے احکامات پر عمل کرنے سے ہی وطن کے مسائل کا حل ممکن ہے اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی کے ہر مسئلے کا حل پیش کرتا ہے اسلام کے نفاذ کے لئے جے یو آئی جدو جہد میں مصروف عمل ہے ،وطن عزیز کے ہر بحران کا خاتمہ اسلام کے نفاذ میں ہی مضمر ہے۔ اپنی اقامت گا ہ پر تکمیل قر آن کی تقریب سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے اللہ کی مدد کے لیئے اس احکامات کا نفاذ اور اس پر عمل شرط ہے انہوں نے کہا کہ اسلام اس ملک کا مقد ر ہے اس کے راستے میں کو ئی رکاوٹ عوام قبول نہیں کریں گے دریں اثناء پارٹی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان ،محمد اسلم غوری ،سید فضل آغا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں بد امنی کی سازشیں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے ہیں انہوں نے گذشتہ روزکوئٹہ میں ہونے والی دہشت گر دی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان سازشوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ وطن دشمنوں کو ملک کی ترقی پسند نہیں ہے وہ ہر صورت میں بدامنی پھیلانے کے لیئے سازشیں کر رہے ہیں ان تمام سازشوں کا مقابلہ اتحاد واتفاق سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ ملک دشمنوں کو اقتصادی راہداری منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا ہے اس منصوبے کو ناکام کر نے کے لیئے سازشوں کے جال پھیلائے جا رہے ہیں وطن عزیز کے ہر شہری کو ان سازشوں پر نظر رکھنی ہو گی اور ان سازشوں کا مقابلہ کر نے کاعزم کر نا ہو گا۔ پا کستان کے ایٹمی پرو گرام کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے ان کی نظر وں میں کسی اور کا نہیں بلکہ پا کستا ن کا ایٹمی پرو گرام کھٹک رہا ہے۔