• news

معیارتعلیم کی بہتری کیلئے سکولوں کی نجکاری حکومت کا قابل تحسین اقدام ہے:ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کے خلاف دائر درخواست پٹیشنر کی جانب سے واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹا دی۔ عدالت نے کہا کہ حکومت معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے سکول نجی ملکیت میں دینا چاہتی ہے تو یہ عمل قابل تحسین ہے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماعت کی۔ درخواست گزار رمضان انقلابی کی وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل پچیس اے کے تحت شہریوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی قانونی جواز کے بغیر معیاری سرکاری تعلیمی اداروں کو نجی ملکیت میں دے کر آئین کی خلاف کی مرتکب ہو رہی ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ تین تین ماہ چھٹیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اگر حکومت معیار تعلیم کی بہتری کے لئے ان سکولوں کو نجی ملکیت میں دینا چاہتی ہے تو یہ حکومت کا قابل تحسین اقدام ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئیے۔ عدالت نے کہا کہ تعلیمی پالیسی کا نفاذ کرنا حکومت کا کام ہے عدالتیں پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

ای پیپر-دی نیشن