پاکستان، بھارت، امریکہ، افغانستان کو ملکر دہشت گردی کیخلاف لڑنا ہو گا: محکمہ خارجہ
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کے بارے میں پھر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی تعاون کیلئے موثر باہمی رابطے کی ضرورت ہے۔ امریکہ علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتا ہے۔ محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک سی ٹونر کی بریفنگ کی مزید تفصیل کے مطابق بھارتی صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے وراضح طور پر سرعام اور نجی طور پر دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کوششیں تیز کرنے کیلئے علاقے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی صحافی نے حافظ سعید کے بھارت اور امریکہ کے خلاف مبینہ بیانات کی جانب اشارہ کیا تھا، ٹونر نے کہا کہ ہم بات مانتے ہیں کہ بھارت کو دہشت گردی کی لعنت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کا حل مزید باہمی رابطوں میں ہے اور ہم نے اس پر کئی بار بات کی ہے۔ پاکستان، بھارت، امریکہ اور افغانستان کو مل کر مزید قریبی طور پر کام کرنا ہوگا۔ بہت سے دہشت گرد گروپ اس ماحول میں رہ رہے ہیں جیسا کہ آپ نے کہا کہ وہ ایک ملک کو محفوظ جنت بنا کر دوسرے ممالک میں حملے کر رہے ہیں۔ علاقے کی تمام حکومتوں کو ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف لڑنا چاہئے، ہم سب کو اس کیلئے بہتر کام کرنا چاہئے۔