آرمی چیف کی وارننگ کراچی آپریشن میں مداخلت کرنے والوں کے لئے تھی: نبیل گبول
کراچی(آن لائن) سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے دعویٰ کیاہے کہ2روز قبل کراچی میں ہونے والی میٹنگ میں آرمی چیف نے واضح الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہادتیں ہورہی ہیں ، ہم اتنی محنت کررہے ہیں اور اس کا نتیجہ سیاسی لوگ اس طرح دے رہے ہیں ، یہ چیز ہم برداشت نہیں کریں گے ، وارننگ ان لوگوں کیلئے تھی جو کراچی آپریشن میں مداخلت کررہے ہیں۔اپنے ایک انٹر ویو میں گفتگوکرتے ہوئے نبیل گبول نے واضح کیاکہ جن لوگوں کو وارننگ دی گئی ، ان میں حکومت ، پولیس اور وہ لوگ شامل ہیں جوعزیر بلوچ اور نثار مرائی یا ڈاکٹرعاصم کی جے آئی ٹی پر دستخط نہیں کررہے، لوگوں کو پکڑنے کے بعد جے آئی ٹی کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاتاکیونکہ پولیس افسردستخط نہیں کررہے ،ان افسران کو بھی اپنی پوسٹنگ پیاری ہے ، اچھی نشستیں لیناچاہتے ہیں ، کراچی آپریشن کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ آرمی چیف ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔