• news

پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر تیار ہیں‘ سازگار ماحول ضروری ہے: بھارتی ہائی کمشنر

لاہور (سجاد پیرزادہ‘ میگزین رپورٹ) پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے کہا ہے ہم پاکستان کے ساتھ تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ مذاکرات کی بحالی کیلئے سازگار ماحول ہونا ضروری ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں‘ فنکاروں اور دیگر شعب ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد کے اعزاز میں دیئے افطار ڈنر میں نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے ایک فریم ورک میں کام کررہے ہیں۔ بہت جلد بھارت اور پاکستان کے اعلیٰ حکام کی کوششوں سے دونوں ملکوں میں تعلقات کی بہتری ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا دونوں ملکوں کے درمیان مسائل حل ہونے کا نتیجہ یہ ہوگا دونوں ملکوں میں تجارت بڑھے گی توعوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستانی قوم محبت اور پیار کرنے والی قوم ہے۔ پاکستان میں تعیناتی کے دوران میں نے یہ دیکھا پاکستانی خوش اخلاق اور محنتی قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہونگے اور اس کیلئے ہم کوششیںکر رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق جب بھی بات چیت ہوگی تو سارے مسائل پر ہوگی۔ انہوں نے کہا پاکستان بھارت مذاکرات شروع ہونے جا رہے تھے‘ پٹھان کوٹ واقعہ ہو گیا۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا 25 دسمبر 2015ءکو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی نے ہمیشہ بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ کرکٹ کے علاہ ہاکی کے مقابلے بھی ہونے چاہئیں۔ ماضی میں پاکستان اور بھارت ہاکی کے کھیل میں سب سے آگے تھے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کو پھانسیاں دینے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا میں پاکستان میں بھارتی سفیر ہوں۔ مجھے بنگلہ دیشی امور کے بارے میں معلومات ہیں اور نہ ہی میں اس پر بات کر سکتا ہوں۔
بھارتی ہائی کمشنر

ای پیپر-دی نیشن