بھکاریوں نے لاہور پر یلغار کردی اہم شاہراہوں، ٹریفک سگنلز پر قابض
لاہور (خبر نگار) صوبائی دارلحکومت پر بھکاریوں نے زکوٰۃ اور فطرانے میں اسے اپنا ’’حصہ‘‘ وصول کرتے، عیدی لینے اور رمضان میں روزہ کی حالت میں ’’نرم دل‘‘ مسلمانوں سے زیادہ سے زیادہ ’’وصول‘‘ کرنے کیلئے لاہور پر یلغار کردی۔ بھکاری خصوصاً ٹریفک سگنلز پر اکھٹے رہتے ہیں اور اشارہ بند ہوتے ہی گاڑیوں کے شیشے کھٹکھٹانے اور بھیک مانگنے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ بھکاریوں میں خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ بیشتر نوجوان عورتوں نے گود میں شیرخوار بچے اٹھا رکھے ہوتے ہیں اور بچوں کی سخت گرمی، جس میںکیفیت دیکھ کر بھکاریوں کو بھیک نہ دینے کے اصول پر عمل کرنیوالے بھی بھیک دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ بھکاریوں کی ایک بہت بڑی تعداد شہر کی مارکیٹوں پر قبضہ جما چکی ہے اور وہاں آنیوالے خریداروں سے اس وقت تک چمٹ رہتی ہے۔ جب تک انہیں بھیک نہیں مل جاتی۔ 5 روپے کا سکہ اب بھکاریوں کیلئے قابل قبول نہیں۔ 0 1روپے کے نوٹ پر بھی ناک منہ چڑھا کر جیب میں رکھ لیتے ہیں۔ ضلعی حکومت کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ بھکاریوں کیخلاف مہم جاری ہے بھکاریوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ روزانہ 15 سے 20 بھکاریوں کو پکڑ کر رائے ونڈ روڈ پر سوشل سکیورٹی کے مہمان خانے پہنچا دیتے ہیں۔