شاہد حامد قتل کیس: الطاف سمیت3 متحدہ رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین سمیت تین ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ کیس میں الطاف حسین، ندیم نصرت، اطہر اور سہیل زیدی مفرور ہیں۔ سماعت کے دوران سیاسی جماعت کے گرفتار کارکن منہاج قاضی کو عدالت میں پیش کیا جسے مقدمے کی نقول فراہم کر دی گئیں۔ اس موقع پر تفتیشی افسر سرور کمانڈو کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم قائد، ندیم نصرت، اطہر اور سہیل زیدی مفرور جبکہ ایک ملزم راشد اختر عرف شیخ کے ملنے کا امکان نہیں ہے۔ کیس کے ایک ملزم صولت مرزا کو پھانسی دی جاچکی ہے جبکہ آئندہ سماعت پر ملزم منہاج قاضی پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔