• news

دہشت گردی کے پیچھے طاغوتی قوتوں کا ہاتھ ہے: ساجد میر

ملتان (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے طاغوت کا ہاتھ ہے، مسلمان ممالک کو باری باری نشانہ بنایا جارہا ہے، ترکی مسلم امہ کی ابھرتی ہو ئی ریاست ہے اسے بھی کمزور کیا جارہا ہے۔ جمعة الوداع کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کے خلاف سازشیں ختم نہیں ہوئیں۔ اس کا دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ملت اسلامیہ کےلئے جمعة الوداع کا اجتماع امتیازی شان کا حامل ہے۔ یہ دن درحقیقت اُس ارادے کی تجدید کا دن ہے، جس میں ہم ماہِ مقدس کے معمولات کو سال کے بارہ ماہ جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔ رمضان میں نیکیاں سمیٹنے والے لوگ خوش نصیب اور اسکی قدر نہ کرنے والے بد نصیب ہیں۔ جمعة الوداع ہمارے لئے عید کا پیغام لیکر آتا ہے۔ مبارک باد کے مستحق ہیں وہ لوگ جو رمضان کو اعمال صالحہ کے ساتھ رخصت کررہے ہیں، جنہوں نے اس ماہ کو غفلت میں گزاردیا انہیں اللہ تعالیٰ کی جناب میں توبہ واستغفار کرنی چاہئے۔ مسلمانوں کا المیہ یہ ہے کہ انہوں نے رمضان کو سالانہ میلہ کی شکل دیدی اور اسکی روح کو نہیں سمجھا، یہی وجہ ہے رمضان کے بعد ساری دینداری رخصت ہوجاتی ہے۔
ساجد میر

ای پیپر-دی نیشن