حقائق سامنے آنے کے بعد عمران مریم نواز سے معافی مانگیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حقائق سامنے آ چکے ہیں کہ عمران خان کی بہن کو کس شخصیت کی بنا پر پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو انہیں اسلامی اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے محترمہ مریم نواز سے معذرت کرنی چاہیے۔ جمعہ کو لاہور میں رونما ہونیوالے واقعہ اور بعد ازاں عمان خان کی طرف سے مریم نواز کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرانے سے متعلق بیان اور بہتان طرازی کو یکسر رد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی یہ عموماً عادل ہے کہ سنی سنائی بات پر تحقیق کئے بغیر فوراً ردعمل ظاہر کر دیتے ہیں۔ سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر عمران خان کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنے بیٹوں کیساتھ اپنی بیٹی کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارا کریں تاکہ انہیں بیٹیوں کے وقار، پیار اور احساسات کا بھی اندازہ ہو۔ مریم نواز قوم کی اور ہم سب کی بیٹی ہیں انکے بارے میں بغیر تصدیق کیے بیان دینا ایک انتہائی افسوسناک اور غیرذمہ دارانہ عمل ہے۔ عمران خان اب یہ فیصلہ بھی کریں کہ جس سیاسی جماعت کی اہم شخصیت کی وجہ سے ان کی بہن کے ساتھ مذکورہ واقعہ پیش آیا اور انہوں نے بلاتحقیق اس پر غلط ردعمل ظاہر کیا کیا وہ اس جماعت کے ساتھ نوتشکیل شدہ شراکت داری سے علیحدہ ہوں گے اور کیا اور کیا وہ اس جماعت کے خلاف بھی بعد از عید اسی مہم کا اعلان کری گے جس کا انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف اعلان کیا۔ دیکھئے وہ کچھ کرتے ہیں یا ماضی کی طرح ایک بار پھر قلابازی کھا کر غیراصولی سیاست کی دوبارہ مثال قائم کرتے ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ایک دوسرے پر تنقید اور محاذ آرائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لیگی کارکنوں نے عمران خان سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔ ٹویٹر اور فیس بک پر لیگی کارکنوں کا کہنا تھا کہ مریم نواز پر جھوٹا الزام عائد کرنے پر عمران کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور عمران خان معافی مانگیں جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے وی آئی پی پروٹوکول پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار