• news

مستونگ پولیس اور لیویز اہلکار قتل‘ سبی بارودی سرنگ دھماکہ‘ دو افراد جاں بحق

مستونگ+ سبی+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) مستونگ میں ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات میں ایک پولیس اورلیویز اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے کلی شیخاں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا۔ ایک گھنٹے بعد مین بازار میں نامعلوم افراد نے لیویز فورس کے رسالدار مرتضیٰ کو قتل کر دیا۔ علاوہ ازیں لہڑی کے مقام پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دو موٹر سائیکل سوار بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں حساس اداروں نے کارروائی کی جس میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے الزام میں تین مبینہ شرپسند گرفتار کر لئے گئے۔ ملزمان کو کوئٹہ کے علاقے عالمو چوک پر ہونے والے سائیکل بم دھماکے میں ملوث بتائے جاتے ہیں جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناءکوئٹہ کے علاقے دشت میں ایف سی کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس میں 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پشاور کے باچا خان چوک میں ڈبے میں موجود بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے 2 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنایا۔ علاوہ ازیں ہفتہ کو پولیس‘ رینجرز اور حساس اداروں نے اسلام آباد کے علاقے ترنول میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 افغان باشندوں سمیت 18افراد کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں مند کے علاقے میں دو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تین افراد کو زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں لورالائی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ ادھر ایف سی نے ژوب کے علاقے گلیچ میں گھر پر چھاپہ مارکر اسلحہ برآمد کر لیا۔ دو کلاشنکوف‘ 5رائفلز‘ دو پستول اور 2500گولیاں برآمد کی گئیں‘ کارروائی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دھماکہ/قتل

ای پیپر-دی نیشن