• news

امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے استحکام پاکستان بے حد ضروری ہے: مقررین

لاہور ( سپیشل رپورٹر) ’’مشرق وسطیٰ کے حالات اور بیداری امت کے تقاضے‘‘ کے عنوان کے تحت ایک پُر فکر دو روزہ نشست کے اختتام پر یہ قرارداد پاس کی گئی کہ پاکستان کو اقتصادی طورپر کسی صورت تباہ کرنے کی سازش نہیں کرنے دیں گے، اور پاک چائینہ اقتصادی راہداری کی راہ میں روڑے اٹکانے نہیں دیں گے، دیوان عظمت سید محمد چشتی، حضرت خواجہ فخر الدین فخری، مفتی راغب نعیمی، امیر حمزہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، قاری وقاص مجددی، ضیاء اللہ شاہ بخاری، قاری محمد یعقوب شیخ نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پیر سید ہارون علی گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی مذموم سازش کی جا رہی ہے اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی راہ میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔ علما و مشائخ کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارا ملک فرقہ واریت کے عفریت کے پنجوں میں ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکات پر اکٹھے ہو کر ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لیے کردار ادا کیا جائے۔مفتی راغب نعیمی نے استحکام پاکستان کو امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے لازمی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ جب تک پاکستان مستحکم نہیں ہو گا تب تک امت مسلمہ کو یکجا کرنا اور اس خطے میں امن قائم کرنا بہت مشکل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن