شریف خاندان کے نہ صرف کرپشن بلکہ انسانی خون میں ہاتھ رنگے ہیں: پیپلز پارٹی
اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں وزیر قانون تو ہے مگر قانون کوئی نہیں۔ ملک میں واقعی قانون ہوتا تو سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزم اقتدار کی بجائے جیل میں ہوتے۔ شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پنجاب میں ہر میگا پراجیکٹ کرپشن کی کہانی بیان کر رہا ہے ہر کہانی میں شہباز شریف کا چہرہ نظر آتا ہے۔ شریف خاندان کے نہ صرف کرپشن بلکہ انسانی خون میں ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ ملک کو رائے ونڈ سلطنت بنا دیا گیا ہے لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو ان کا نام شہباز شریف نہیں۔ اب جب شریف خاندان کی حکمرانی کو تین سال گزر چکے ہیں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھیانک اضافہ ہوا ہے۔ سنیٹر سعید غنی نے وزیر اعلی پنجاب کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مسلم لیگ ن کی ہے، مقدمات ہیں تو تحقیقات کرا لیں، ماضی میں بھی بغیر کسی الزام کے جیلیں کاٹ چکے ہیں‘ وزیر خزانہ اسحق ڈار اعتراف کر چکے ہیں کہ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کی ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی کسی بات کا اعتبار نہ کریں، آصف زرداری کسی کیس کی وجہ سے باہر نہیں گئے، شہباز شریف کل بھی جھوٹ بولتے تھے آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی گفتگو نے ان پر سے زہد و تقویٰ کا لبادہ ہٹا دیا ہے، اسحاق ڈار نے ثابت کیا کہ ان کی شائستگی کا ان کے باطن سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیراعظم کے سمدھی اور قابل بھروسہ درباری ہونے کے علاوہ اسحاق ڈار کی کوئی اہلیت نہیں۔ اسحاق ڈار عدالت میں خود اپنے اور نواز شریف کی سیاہ داستان بیان حلفی کی صورت میں داخل کر چکے ہیں۔اسحاق ڈار کی اتنی حیثیت نہیں کہ نواز شریف انہیں اپنی صاحبزادی پر فوقیت دے سکیں۔ پاکستان کو مقروض بنانا اور شریف خاندان کیلئے لوٹ مار کرکے دولت باہر منتقل کرنا اسحاق ڈار کی نوکری کا بڑا مقصد ہے۔ قومی دولت لوٹ کر باہر منتقل کرنے پر اسحاق ڈار قوم سے معافی مانگیںاورقوم کی چوری شدہ دولت بھی فوری قومی خزانے میں لوٹانے کا انتظام کریں۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو گھسی پٹی کہانیاں سنا رہے ہیں۔ شہباز شریف احتساب کے ناول سیف الرحمان سے لکھواتے رہے ہیں ۔ ایسی کہانیوں سے پانامہ لیکس کی حقیقت چھپ نہیں سکتی ۔ ذوالفقار علی بھٹو کا سپوت پانامہ لیکس کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ شہباز شریف چالاک ہیں ان کے بھائی پانامہ لیکس میں پھنسے ہیں شہباز شریف پی پی سے تصادم کرکے چودھری نثار کا مشن پورا کر رہے ہیں۔ مقدموں سے ڈرانے والے پانامہ سے کیسے بچیں گے؟ شہباز شریف اتنے ہی صاف ستھرے ہیں تو پرویز مشرف سے ڈر کر کیوں بھاگے۔