جواد گیلانی پی ٹی آئی میں شامل: نوازشریف کرپشن کے بادشاہ ہیں: عمران
اسلام آباد(آئی این پی+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کرپشن کے بادشاہ ہیں ، کرپٹ لوگ کرپشن کا خاتمہ نہیں کر سکتے ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں کرپٹ لوگوں کا خاتمہ کریں گے۔ وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران نے کہا کہ کشمیر کا الیکشن پاکستان کے لئے بہت اہم ہے، مسلم لیگ (ن) کشمیریوں کو حقوق نہیں دلوا سکی۔ نوازشریف کو کشمیر کے حقوق سے زیادہ کاروبار عزیز ہے ۔ پی ٹی آئی ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرے گی ۔ کشمیر کا پیسہ کشمیریوں پر خرچ ہو گا کسی کی جیب میں نہیں جائے گا۔ قبل ازیں ایل اے 25 مظفر آباد سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار اسمبلی، فاروق حیدر کے دست راست و سابق وزیر ممتاز گیلانی کے بیٹے جواد گیلانی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران سے ملاقات کے دوران بیرسٹر سلطان محمود کی موجودگی میں کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عمران خان نے جواد گیلانی کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہا عمران خان نے کہا کہ لوگ اب مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں سے متنفر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکررہے ہیں۔