• news

عمران کی بہن نے مریم نواز سے معذرت کرلی‘ شہبازشریف کو بھی خط‘ پروٹوکول کے معاملہ کی انکوائری کا مطالبہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازشریف سے باضابطہ تحریری معذرت کرلی۔ عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے مریم نواز کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے یکم جولائی کو پیش آنے والے واقعہ پر باضابطہ معذرت کی ہے۔ خط میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات بھی تحریر کی ہیں۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا ہے انہوں نے پروٹوکول کی تفصیل پوچھی تو عاصم گجر نے براہ راست بتایا وزیراعظم کی صاحبزادی آئی ہیں۔ انہیں معلوم نہیں تھا عاصم گجر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں‘ پریشانی کی حالت میں تھی‘ اسلئے عاصم گجر کی بات تسلیم کرلی۔ مریم نواز ان کی معذرت قبول کریں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم کی صاحبزادی کو بھجوائے گئے خط کے متن میں واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا گیا ہے یکم جولائی کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جاتے ہوئے مجھے اور میرے بچوں کو انتہائی ناخوشگوار تجربے کا سامنا کرنا پڑا جہاں وی وی آئی پی پروٹوکول کی گاڑیوں کے سکواڈ نے نہ صرف ہراساں کیا بلکہ غلیظ زبان استعمال کی اور گاڑی کو ٹکراتے ہوئے ہمیں کچلنے کی کوشش کی۔ جب میں ان گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہوئے گھر کے اندر گئی تو میری بیٹی گھر کے باہرکھڑی ہو گئی اور ایک گارڈ نے میری بیٹی کو کہا کہ اس نے حرکت کی تو اسے گولی مار دی جائے گی۔ انہوں نے کہا میں نے پروٹوکول کے میزبان کے بارے میں پوچھا اور جس شخص نے مجھے بتایا میں نے پہلے کبھی اسے دیکھا تھا اور نہ جانتی ہوں۔ عاصم گجر نامی شخص نے میرے ساتھ بڑی ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولا اور اپنے مہمان کے بارے میں بتایا اور اس شخص نے وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کا نام لیا اور میں یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی وہ شخص جھوٹ بول رہا ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے مریم نواز شریف سے اس معاملے پر معذر ت کرتے ہوئے کہا ہے میں اس وقت پریشان تھی اس لئے اس شخص کے کہنے کو سچ جانا اور یہ واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ آن لائن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ نے خط میں مزید بتایا میںتصور بھی نہیں کر سکتی تھی عاصم گجر مریم نواز سے متعلق جھوٹ بولیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا میرے بچوں کے ساتھ بدتمیزی اور انتہائی غیراخلاقی زبان استعمال کی جس پر شدید غصہ تھا اس لئے یہ تمام تر صورتحال پیش آئی۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے پروٹوکول کے تنازع پر وزیراعلیٰ کو بھی خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے پروٹوکول کے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بھجوائی جانیوالی درخواست میں کہا گیا ہے پروٹوکول کے نام پر مسلح قافلے کے شہر میں داخلے پر پولیس کی لاعلمی انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ سی سی پی او لاہور امین وینس نے میڈیا سے گفتگو میں عاصم گجر کو بچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا اس بات کا پتہ لگایا جائے پروٹوکول کس کا تھا اس میں شامل کون لوگ تھے۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے یہ بھی کہا ہے انہیں اور ان کے بچوں کو ہراساں کرنے والوں کو پکڑا جائے اور بلیوبک سے ہٹ کر پروٹوکول لینے والی سیاسی شخصیات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن