لیاری گینگ وار کے ملزموں کا کراچی میں دبئی سے بھتے کا نیٹ ورک چلانے کا انکشاف
کراچی ( اے این این ) لیاری گینگ وار کے ملزمان کا شہر میں دبئی سے بھتے کا نیٹ ورک چلانے کا انکشاف ہوا ہے ۔کراچی میں لیاری گینگ وارکے اہم کردارنور محمد عرف بابا لاڈالہ کے بھائی زاہد لاڈلہ کی ایک وڈیو منظرعام پرآئی ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ لیاری گینگ وار کے اہم کردار دبئی میں موجود ہیں جو اسمارٹ فون کے ذریعے کم عمر لڑکوں سے بھتے کی وصولی کا کام لے رہا ہے۔زاہد لاڈلہ 2013 میں کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد دبئی فرارہوگیا تھا جہاں اس نے پاکستانی سفارت خانے سے دوسرے نام سے پاسپورٹ اوردیگر شناختی دستاویزات بنوائے ہیں، زاہد لاڈلہ پرلیاری کے مختلف تھانوں میں کئی افراد کے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے مقدمات درج ہیں۔دوسری جانب زاہد لاڈلہ کی وڈیو منظرعام پرآنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کر کے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 13ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد غیر قانونی طور پر فطرے کی رقم جمع کر رہے تھے۔ گرفتار افراد سے مختلف اقسام کا اسلحہ اور فطرے کی پرچیاں برآمد ہوئی ہیں۔ کارروائیاں گلشن اقبال، گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں کی گئیں۔ دوسری جانب پولیس نے لیاری میں کارروائی کر کے 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے۔
انکشاف