لوڈشیڈنگ جاری‘ شیخوپورہ میں لیسکو عملے پر دھاوا، لاہور: 47 فیڈرز ٹرپ کر گئے
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لوڈشیڈنگ کیخلاف شیخوپورہ اور وہاڑی میں مظاہرے کئے گئے جبکہ لاہور میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں 47 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی بندش کا دورانیہ بھی بڑھ گیا۔ ہفتے اور اتوار کی شب لیسکو کے 47 فیڈرز بند ہوئے جس سے اقبال ٹاﺅن‘ سمن آباد‘ اچھرہ‘ یتیم خانہ‘ چوبرجی‘ ریواز گارڈن‘ پکی ٹھٹھی‘ نیومسلم ٹاﺅن‘ الحمد کالونی سمیت دیگر علاقوں کے فیڈرز رات گئے تک بند رہے جس کے باعث رات گئے تک بجلی بند رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ بعض علاقوں میں سحری کے وقت بھی فیڈرز بند رہے جس سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف اتوار والے روز بھی لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ لیسکو کو بجلی کا خسارہ 7 سو میگاواٹ رہا جس کو پورا کرنے کیلئے 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق بجلی کی لائن بند ہونے سے علاقہ اندھیرے میں ڈوبا رہا جبکہ وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کے باعث تکنیکی طورپر بجلی کا کام مکمل نہ ہو سکا۔ جب محکمہ واپڈاکی ٹیمیں مذکورہ علاقہ کی بجلی بحال کرنے کیلئے جائے حادثہ پر پہنچیں تو درجنوں مشتعل مظاہرین نے ریسکیو کے عملے پر دھاوا بول دیا۔ عملہ نے مظاہرین سے بچنے کیلئے دوڑیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ مظاہرین نے پتھراﺅ کرکے لیسکو کی 7 گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے جبکہ 16 گھنٹے گزر جانے کے باوجود 10 ہزار کے قریب صارفین کو بجلی بحال نہ ہوسکی۔ منڈی فیض آباد سے نامہ نگار کے مطابق منڈی فیض آبادمیں 12 گھنٹے بجلی کی بندش پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ منڈی بہاﺅ الدین سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف صدر بازار سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاج کیا گیا۔
لوڈشیڈنگ