• news

آزاد کشمیر میں واضح برتری حاصل ہے، پرویز رشید: جواد گیلانی ہمارے امیدوار نہیں تھے: کرمانی

میرپور، + اسلام باد (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمارے دور سے قبل کراچی میں لوگ دن کے وقت نکلتے ہوئے بھی ڈرتے تھے، ہماری حکومت نے کراچی میں امن قائم کیا، عمران خان کل کہہ رہے تھے کراچی کے حالات بہتر ہو گئے ہیں۔ عمران کو کہنا چاہئے تھا کراچی کے حالات نواز شریف نے بہتر کئے۔ میرپور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے انہوں نے کہا بیرسٹر سلطان محمود کی جماعت تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ گیس، پانی کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ عمران خان تین سال میں خیبر پی کے حکومت کی کوئی ایک کارکردگی بتائیں۔ عمران خان نے دھرنے میں کہا تھا بجلی کا بل نہ دینا اور بیرون ملک پاکستانی اپنی رقم ہنڈی کے ذریعے بھیجیں، یہ سب کیا ہے؟ اس وقت سٹیٹ بنک میں 23 ارب ڈالر موجود ہیں، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو میرپور کی محرومیاں ختم کر دیںگے۔ وزیراعظم نواز شریف جو وعدے کرتے ہیں وہ پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام کا ہم پر قرض ہے خدمت کرکے قرض اتاریں گے میرپور کے لوگوں نے پاکستان کے لئے آباﺅاجداد کی قبریں تک قربان کر دیں۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا عمران خان نے لندن میں یہودی زیک گولڈ سمتھ کی انتخابی مہم چلائی، غیر ملکی کے لئے ووٹ مانگنے والا پاکستانیوں سے کیسے ووٹ مانگ سکتا ہے۔ بیرسٹر سلطان میں اتنی ہمت نہ ہوئی پاکستان کی مخالفت کرنے والے کے سامنے ڈٹ جائیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا بلے والوں کے خیبرپی کے کا حشر سب کے سامنے ہے، جعل سازوں اور بہروپیوں نے کشمیریوں کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آصف کرمانی نے کہا آج پیپلز پارٹی کہیں نظر نہیں آ رہی۔ تیرکمان سے نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھواٹ سے چودھری شہزاد مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ہیں جواد گیلانی کو ٹکٹ نہیںدیا وہ ہمارے امیدوار کبھی نہیں تھے۔ آئی این پی کے مطابق سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا 2018 کا الیکشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ہو گا۔ عمران خان ایک ارب درختوں کے دعوے کرتے ہیں، خیبرپی کے میں آج تک ایک درخت کی شکل نظر نہیں آئی، حکومت سب کا بے لاگ اور اپوزیشن صرف نوازشریف کا احتساب چاہتی ہے، اپوزیشن کے احتجاج کا مقصد صرف وزیراعظم کو ہٹانا ہے، اپوزیشن سڑکوں پر آئی تو سوائے ملک کے نقصان کے کچھ حاصل نہیں ہو گا، دھرنوں اور سڑکوں پر احتجاج کے ذریعے منتخب حکومت نہیں گرائی جا سکتی ، فیصلہ صرف عوام کے ووٹ سے ہو گا، آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری ہے، آزاد کشمیر کے عوام نے پنجاب کی ترقی خیبرپی کے کی بدحالی اور سندھ کی افراتفری اور انتشار دیکھا ہے۔
پرویز رشید

ای پیپر-دی نیشن