پردیسیوں کی واپسی جاری، ٹرانسپورٹر مسافروں کو لوٹتے رہے، جھگڑے
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ سپیشل رپورٹر) عید اپنے بچوں کے ساتھ گذارنے کے لئے لاہور سے پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ ٹرانسپورٹرز مسافروں کو لوٹتے رہے مسافر ٹرانسپورٹروں کو من مانے کرائے دینے پر مجبور ہوگئے۔ رکشہ، ویگن، بس اور کوچ ٹرانسپورٹرز نے مسافروں سے من مانے کرائے وصول کئے۔ سرکاری نرخ نامے نہ دکھانے پر کئی مقامات پر مسافروں اور ٹرانسپوٹرز میں جھگڑے بھی ہوئے۔ پردیسیوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے سلسلے میں اپنے آبائی علاقوں میں جانے کے لئے صبح ہی سے لاری اڈا سمیت شہر کے دیگر ٹرانسپورٹ اڈوں پر پہنچ گئی جس کی وجہ سے لاری اڈا سمیت لاہور ریلوے سٹیشن اور دیگر بس سٹینڈز پر مسافروں کا بڑا ہجوم رہا۔ علاوہ ازیں سرکاری ملازمین نے پیر کے روز چھٹی کے طرح گزارا، سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین غیر حاضر اور دفاتر سے غائب رہے جس کے باعث سرکاری محکمے سنسان ہو گئے۔ دوسری طرف بنکوں میں تنخواہیں لینے کیلئے رش برقرار رہا۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں تنخواہ لینے والے ملازمین کا صبح 8 بجے سے ہی رش لگا رہا اور لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پردیسیوں کی واپسی جاری