• news

خانیوال: پاکستان ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، کئی مسافر زخمی

خانیوال + ٹھل (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) خانیوال میں مخدوم پور کے قریب پاکستان ایکسپریس کی 4 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں جس سے متعدد مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو1122 نے ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راولپنڈی سے کراچی کے لئے جانے والی پاکستان ایکسپریس نے اپنے مقررہ وقت پر مخدوم پور سٹیشن میں داخل ہوتے ہوئے ابتدائی کانٹوں کو بحفاظت عبور کر لیا تاہم آخری کانٹوں پر پہنچنے سے قبل ہی انجن سے 12,11,13,14 نمبر بوگیاں زوردار دھماکے سے ریلوے ٹریک سے اتر گئیں جس کے باعث متعدد مسافر زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال پہنچا دیا گیا۔ واقعہ میں مین لائن کلیئر ہونے کی بدولت دیگر مسافر ٹرینوں کو تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ حادثہ کا شکار ہونے والی پاکستان ایکسپریس کو 4 بوگیاں علیحدہ کرکے 2 گھنٹے کی تاخیر سے روانہ کر دیا گیا ٹرین کے ملتان پہنچنے پر چار اضافی بوگیاں لگا دی گئیں۔ ریلوے عملہ مخدوم پور کی نااہلی سے پاکستان ایکسپریس حادثہ کا شکار ہوئی۔ مخدوم پور ریلوے عملہ نے مال گاڑی کو کراس کرانے کیلئے مسافر ٹرین کو بائیں طرف والے انتہائی کمزور ٹریک پر منتقل کر دیا جو گاڑی کا وزن برداشت نہ کر سکا۔ پٹڑی ٹوٹنے کی وجہ سے چار بوگیاں الٹ گئیں۔ علاوہ ازیں خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن ٹھل کے قریب فیل ہو گیا۔ خوشحال خان خٹک کراچی سے پشاور جا رہی تھی۔ ٹرین 3 گھنٹوں سے زائد رکی رہی جس کے باعث مسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا رہا۔
کئی مسافر زخمی

ای پیپر-دی نیشن