• news

لوڈشیڈنگ جاری‘ شیخوپورہ‘ لیسکو آفس میں توڑ پھوڑ: عید کے 3 روز بجلی بند نہ کرنے کا اعلان

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ میں گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے جنڈیالہ روڈ پر لیسکو سب ڈویژن پر دھاوا بول دیا اور ڈنڈوں، سوٹوں اور پتھروں سے دفتر کے اندر داخل ہو کر توڑپھوڑ کی جبکہ وزارت پانی و بجلی نے عید الفطر کے 3 دن ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تمام تقسیم کار کمپنیوں کو وزارت پانی و بجلی نے احکامات جاری کئے ہیں کہ عید الفطر کے تینوں دن بجلی بند نہ کی جائے، اسکے ساتھ تمام کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اضافی ٹرالی ٹرانسفارمر کی دستیابی کو یقینی بنائے دوسری طرف گزشتہ روز لاہور میں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگارخصوصی کے مطابق ریگل چوک ، پرانا شہر ، محلہ کھنڈ پوریاں، جنڈیالہ روڈ محلہ ہنجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں کی 48 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہونے پرعلاقوں کے مکین سراپا احتجاج بن گئے جنہوںنے لیسکو سب ڈویژن جنڈیالہ روڈ پر دھاوا بول دیا۔ ڈنڈوں، سوٹوں اور پتھروں سے دفتر کے اندر داخل ہوکر تور پھوڑ کی جبکہ پتھرائو کرکے شیشے توڑ دئیے، عملہ نے بھاگ کر جانیں بچائیں جبکہ دیگر علاقوں کے عوام بھی سراپا احتجاج بن گئے جنہوں نے ریگل چوک واپڈا پلازہ کا گھیرائو کر کے مین لاہور سرگودھاروڈ بلاک کردی جس سے ٹریفک جام ہوگئی، مظاہرین نے ڈنڈے اور سوٹے اٹھا رکھے تھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، شہری سحری و افطاری اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہو گئے۔ شہریوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے، سلسلہ بند نہ ہوا تو عید کے بعد احتجاج پر مجبور ہوجائینگے۔ سرائے عالمگیر نامہ نگار کے مطابق گرمی اور حبس کے باعث محکمہ ہائی وے کا ایک ملازم دم توڑ گیا۔ محکمہ ہائی وے کا بیدار بشارت حسین جی ٹی روڈپر کام کر رہا تھا کہ سخت گرمی برداشت نہ کرسکا۔ ادھر رحیم یار خان میں پریس مارکیٹ اور فیصل روڈ سے 2 روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کیخلاف دکانداروں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دو دن سے بجلی کے تار ٹوٹنے سے بجلی بند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن