چترال میں تباہی مچانے والا ریلا ہفتہ کو سکھر بیراج میں داخل ہوگا ‘ہائی الرٹ
چترال (آئی این پی + صباح نیوز) چترال میں تباہی مچانے کے بعد بالائی علاقوں سے پہلا ریلہ سکھر بیراج میں 9 جولائی بیروز ہفتہ کو داخل ہوگا، محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق اس وقت چشمہ بیراج سے 3لاکھ کیوسک پانی گذر رہا ہے، ادھرسکھر اور گڈو بیراج میں سیلابی صورتحال ہے، ہنگامی حالات کے پیش نظر محکمہ آبپاشی نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔سکھر بیراج کے انچارج کنٹرول روم عبدالعزیزسومرو کے مطابق سیکرٹری آبپاشی سندھ ظہیرحیدر شاہ نے سکھر اور گدو بیراج کے تمام افسران کو ہدایت دی ہے وہ عید کے موقع پر اپنے ہیڈ کوارٹر میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ صباح نیوز کے مطابق چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ جبکہ پاک فوج اور لیویز کے جوان انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں۔ چترال میں ہفتے کے رات کو آنے والے سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی ارسون ویلی اور دروش میں ہوئی جہاں مسجد، چیک پوسٹ اور کئی مکانات ریلے میں بہہ گئے۔ متعدد علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کھلے آسمان تلے شب و روز گزارنے پر مجبور ہیں، انتظامیہ کی جانب سے29 افراد کی اموات کی تصدیق کر دی گئی ہے، تاہم 13افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ صوبائی وزیر محمود خان نے چترال کے متاثرہ علاقہ ارسون کا دورہ کیا اور متاثرین میں تین تین لاکھ کے چیک تقسیم کیے۔